بی جے پی جنرل سکریٹری راجیو پرتاپ روڈی کا بیان
ممبئی 20 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں حکومت میں شامل ہونے والی جماعتوں کے تعلق سے تجسس کے دوران بی جے پی نے آج کہا کہ اسمبلی میں واحد بڑی جماعت ایک اکثریت کے ثبوت سے قبل بھی حکومت تشکیل دینے کا ادعا پیش کریگی ۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور مہاراشٹرا میں پارٹی امور کے نگران راجیو پرتاپ روڈی نے کہا کہ حکومت سازی کیلئے گورنر سے رجوع ہونے سے قبل مکمل اکثریت کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ ہم 288 رکنی اسمبلی میں 145 ارکان کی تائید حاصل کرنے کے بعد ہی حکومت سازی کا دعوی پیش کریں۔ تشکیل حکومت کا ادعا پیش کرنے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم واحد بڑی جماعت بن کر ابھریں اور ہم واحد بڑی جماعت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 288 رکنی اسمبلی میں چونکہ بی جے پی کے 122 ارکان اسمبلی ہیں ایسے میں صرف بی جے پی کو ہی ریاست پر حکمرانی کا حق حاصل ہے ۔ مسٹر روڈی نے کہا کہ پارٹی اپنی مقننہ پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کے بعد حکومت بنانے کا ادعا رسمی طور پر پیش کریگی ۔ اس سوال پر کہ لیجسلیچر پارٹی لیڈر کا انتخاب کب عمل میں آئیگا انہوں نے کہا کہ بہت جلد اجلاس ہوگا جس میں نئے لیڈر کا انتخاب ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں مرکزی مبصرین بھی شرکت کرینگے جن میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور بی جے پی جنرل سکریٹری جے پی ندا شامل ہیں جو ممبئی پہونچ رہے ہیں۔