ممبئی ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اپنی تائید کرنے والے ارکان کی اکثریت کے باوجود بی جے پی کل کے مقننہ کونسل ضمنی انتخابات میں کانگریس کے دلیپ مانے کے مقابلہ میں اپنے امیدوار پرساد لاڈ کی آرام دہ کامیابی کیلئے محتاط رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ برسراقتدار بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس نے آج علحدہ علحدہ اپنے متعلقہ ارکان اسمبلی کے بریفنگ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں خفیہ ترجیحی رائے دہی کے طریقہ کار سمجھائے اور ترجیحی سلسلہ میں اپنے پہلے اور دوسرے انتخاب کے اظہار کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تمام 120 ارکان اسمبلی اپنے حق رائے دہی سے 9 بجے دن تا 4 بجے شام استفادہ کریں۔ بی جے پی نے اپنے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہیکہ وہ سب سے پہلے پارٹی دفتر میں اپنی حاضری درج کروائیں اور اس کے بعد اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے ودھان بھون (اسمبلی) کے سنٹرل ہال میں جائیں۔ بی جے پی کا دعویٰ ہیکہ سینا ۔ بی جے پی امیدوار کو 203 ووٹ حاصل ہوں گے۔ ان میں 122 بی جے پی اور 63 شیوسینا کے ووٹ شامل ہیں۔ اس طرح 185 ووٹ بی جے پی کی تائید میں یقینی ہیں۔ بی جے پی نے باقی آزاد ارکان اسمبلی اور چھوٹے حلیف پارٹیوں کے ارکان پر انحصار کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اسے 203 ووٹ حاصل ہوں گے۔ پارٹی قیادت نے اعلان کردیا ہیکہ وہ لاڈ کی امیدواری کی تائید میں ہے۔