اڈوانی، دیورا، کمار وشواس اور دیگر کی نریندر مودی کو مبارکباد

ممبئی۔/16مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اور کانگریس قائد ملند دیورا نے آج نریندر مودی کو انتخابات میں زبردست کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ کانگریس خود اپنا جائزہ لیتے ہوئے خود کو مزید مستحکم کرے گی۔ اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے انہوں نے اپنے حامیوں سے اظہار تشکر کیا اور کامیابی حاصل کرنے والے نریندر مودی کو مبارکباد دی اور یہ بھی کہا کہ انہیں توقع ہے کہ ملک حسب معمول آگے بڑھتا رہے گا۔ آخری اطلاعات ملنے تک ملند دیورا اپنے شیوسینا حریف اروند ساونت سے ایک لاکھ ووٹوں سے پیچھے چل رہے تھے۔ دوسری طرف عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس نے بھی نریندر مودی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی

اور اسے ’ عوام کا فیصلہ ‘ قرار دیا۔امیٹھی سے لوک سبھا انتخابات لڑنے والے کمار وشواس نے بھی اپنے ٹوئٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ نریندر مودی کی ٹیم بھارت ماتا کی توقعات پر پورا اُترے گی۔ آخری اطلاعات ملنے تک کمار وشواس اپنے کانگریسی حریف راہول گاندھی اور بی جے پی کی سمرتی ایرانی سے ووٹوں کی گنتی کے دوران کافی پیچھے تھے۔ صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی زبردست کامیابی کا سہرہ مودی کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ مودی کے پاس ملک کی قیادت کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مابعد آزادی ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ بی جے پی کانگریس سے بھی بڑی پارٹی بن کر اُبھری ہے۔ پارٹی دفتر پر ورکرس کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ خوشی کے اس ماحول میں پارٹی ورکرس کسی بھی نوعیت کی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ نہیں کریں گے اور نہ ہی نازیبا زبان کا استعمال کریں گے۔ بی جے پی کے سینئر ترین قائد ایل کے اڈوانی نے احمد آباد میں نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی۔