حیدرآباد ، 4سپٹمبر (ای میل) حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن سے ملحق اپیکس کرکٹ کلب نے اپنے قیام (1979ء) کے 35 سال مکمل کرلئے ہیں جس کے دوران حیدرآباد کے باصلاحیت کرکٹرز کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا کہ وہ پروفیشنل کرکٹ کے قابل بن سکیں۔ اس طرح انھیں انڈر 14، 16، 19 اور 25 سال کے ٹورنمنٹس میں شرکت کرنے میں مدد ملے گی اور آخرکار وہ حیدرآباد کی رانجی ٹروفی ٹیم میں جگہ حاصل کرپائیں گے۔ ایم اے معز سکریٹری اپیکس سی سی کی سرپرستی و رہنمائی میں اس ٹیم نے گزشتہ دہے میں استقلال کے ساتھ اچھا کھیلتی آئی ہے اور سال 2006، 2008، 2009، 2012، 2013 اور 2014ء میں A4 ڈیویژن کی لیگ چمپئن شپ جیتے۔ چنانچہ اب لیگ چارٹ میں سرفہرست آنے پر اپیکس کرکٹ کلب کو پرموشن کے ساتھ 2 روزہ لیگ پول میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اور اب کلب کی کوشش یہی ہوگی کہ نوجوانوں کو حیدرآباد کے مستقبل کے کرکٹرز کے طور پر تیار کیا جائے گا جو تلنگانہ اسٹیٹ کی نمائندگی کرسکیں۔ 29 اگسٹ کو اپیکس کرکٹ کلب نے سالانہ ایوارڈز کے تحت سابق کپتانوں غلام جیلانی، محمد جاوید، محمد اشرف علی اور محمد صمد خان کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر سال 2014ء کیلئے بسٹ بیٹسمن کا ایوارڈ سید انور علی کو دیا گیا جبکہ محمد عظیم الدین کو بسٹ بولر اور سید پاشاہ علی کو بسٹ آل راؤنڈر کے ایوارڈز حاصل ہوئے۔