حیدرآباد ۔ /11 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقے اپو گوڑہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں دو جھونپڑیاں جلکر خاکستر ہوگئی ۔ آگ لگنے کے واقعہ کی اطلاع مقامی پولیس کو دی گئی اور بعد ازاں مغل پورہ فائر اسٹیشن سے وابستہ فائرانجن کو طلب کیا گیا اور آگ پر قابو پایا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں فٹ ویئر کی دوکان میں آتشزدگی کے باعث اشیاء جلکر خاکستر ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بالا نگر علاقہ میں واقع فٹ ویئر شاپ میں آگ لگنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم شخص نے دوکان میں جلا ہوا سگریٹ چھوڑدیا تھا ۔ اس واقعہ میں بھی آگ پر فوری قابو پالیا گیا ۔