پاناجی 10 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اپوزیشن جماعتوں پر اقلیتوں کے ذہنوں میں بی جے پی اور اس کے قائدین کے تعلق سے خوف پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ حکومت کے کام کاج کو نشانہ بنانے میں ناکام ہونے کے بعد ایسا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ گڈکری نے کل شام گوا میں بی جے پی دفتر میں وزیر دفاع منوہر پریکر اور چیف منسٹر گوا لکشمی کانت پرسیکر کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ہمارے کام کو نشانہ نہیں بناسکتیں۔ اسی لئے وہ اقلیتوں کے ذہنوں میں حکومت ‘ بی جے پی اور اس کے قائدین کے تعلق سے خوف پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب اپوزیشن جماعتیں عوام کو بی جے پی کے خلاف مطمئن کرنے میں ناکام ہوگئیں تو ان کے ذہنوں میں الجھن پیدا کی جا رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ان حملوں کے واقعات کا بی جے پی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔