کولکتہ ۔ 19 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) آندھراپردیش کے چیف منسٹر اور تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرابابو نائیڈو نے مجوزہ بی جے پی مخالف فرنٹ کی تفصیلات کو قطیعت دینے کیلئے 22 نومبر کو نئی دہلی میں منعقد شدنی اپوزیشن کانفرنس کی منسوخی کا اعلان کیا ہے ۔ نائیڈو نے مغربی بنگال کی ہم منصب ممتا بنرجی سے ایک گھنٹہ طویل بات چیت کے بعد اخباری نمائندوں سے کہاکہ غیربی جے پی جماعتوں کے اجلاس کی نئی تاریخ کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا ۔ نائیڈو نے جن کے ساتھ ترنمول کانگرسے کی سربراہی ممتا بنرجی بھی تھیں مرکز کی این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیاکہ سی بی آئی ، ای ڈی ، محکمہ انکم ٹیکس ، ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) اور کامپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل ( سی اے جی ) جیسے اہم ادارے بدترین دباؤ میں ہیں ۔ آندھراپردیش اور مغربی بنگال نے سی بی آئی کو اپنی ریاستوں میں تحقیقات اور دھاوؤں کے لئے دی جانیوالی عام اجازت سے جمعہ کو دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ انھوں نے کہاکہ انتخابات کے پیش نظر ہم 22 نومبر سے قبل ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن اب پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن سے قبل یہ کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔