اپوزیشن کو دیا گیا وقت ناکافی ‘ اسپیکر جانبدار: کانگریس

نئی دہلی 20 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے نے آج اسپیکر سمترا مہاجن پر اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد پر مباحث کیلئے وقت دینے میں جانبداری کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ وقت ناکافی ہے ۔ کھرگے نے کہا کہ ان کی پارٹی کو 32 منٹ کا وقت دیا گیا ہے جو انتہائی ناکافی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچھ جماعتوں کو 25 منٹ اور کچھ کو صرف 15 منٹ دئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی مسائل ہیں جن پر اظہار خیال کیا جانا چاہئے لیکن اسپیکر نے جانبداری سے کام لیتے ہوئے وقت انتہائی کم دیا ہے ۔ انہوں نے لوک سبھا کے باہر میڈیا سے کہا کہ اسپیکر مزید دوقت دینے کیلئے قوانین میں ترامیم کرسکتی تھیں لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے عمدا گریز کیا ہے ۔