عام آدمی نے بند کی حمایت نہیں کی ، عوام حکومت کے فیصلے سے خوش
نئی دہلی ۔29 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیر اطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے منایا گیا بند مکمل فلاپ ثابت ہوا ۔ اس بند کو عام آدمی کی ہرگز حمایت حاصل نہیں ہوئی ۔ وینکیا نائیڈؤ نے پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے کرنسی کی منسوخی کے فیصلے کے خلاف یوم عوامی برہمی مناتے ہوئے ریالی نکالی تھی لیکن عوام نے اسے یکسر مسترد کردیا ۔ وینکیا نائیڈو نے مزید کہا کہ سی پی آئی ایم لیڈر بمل باسو نے کہاہے کہ بند کی اپیل کرنا ایک غلطی ثابت ہوا۔ اس کے لئے کوئی مناسب تیاری نہیں کی گئی ۔ وینکیا نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ عوام بہت خوش ہیں کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی نے تاریخی فیصلہ کیا ہے ، اگرچہ اس فیصلے سے چند مشکلات درپیش ہیں لیکن عوام سمجھ رہے ہیں کہ یہ ملک کے بہتر مفاد میں اچھا فیصلہ ہے ۔ پارلیمنٹ میں مسلسل خلل اندازی کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ہم بحث کے لئے تیار ہیں اور ہم نے یہ بھی کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی بحث میں حصہ لینے کیلئے ایوان میں حاضر رہیں گے ۔ اس کے بعد ہی متعلقہ وزیر جو وزیر فینانس ہوں گے جواب دیں گے ۔