مانڈلا 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یو پی اے حکومت پر اپوزیشن زیراقتدار ریاستوں کے ساتھ تعصب کا رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ اگر بی جے پی برسر اقتدار آجائے تو مرکز ملک کی ترقی کے لئے تمام ریاستوں کے ساتھ تعاون کرے گی۔ وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کو مرکز کے رویہ سے درد محسوس ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز ریاستوں کے ساتھ بڑے بھائی جیسا رویہ رکھتا ہے جو مناسب نہیں ہے۔ ہم سب مساوی ہیں۔ حکومت کو ملک کی ترقی کے لئے تمام وزرائے اعلیٰ سے تعاون کرنا چاہئے۔ مودی نے کہاکہ کانگریس پہلے لوگوں سے تائید حاصل کرتی ہے اور بعدازاں اُنھیں دھوکہ دیتی ہے۔ پہلے مصافحہ کرتی ہے پھر اپنا ہاتھ اُٹھاتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آزادی کے بعد سے اب تک کئی حکومتیں آئیں اور گئیں لیکن پہلی بار عوام نے اتنے شدید کرپشن کا مشاہدہ کیا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ کے بارے میں کوئی بھی کانگریسی قائد بات چیت کرنے تیار نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس غیر ذمہ دار پارٹی ہے ۔