اپوروی اور سنوربت کو گولڈ کے بعد شریاسی سنگھ کو سلور میڈل

گلاسگو میں 20 ویں دولت مشترکہ مقابلے
انیسہ سید ‘ ایونیکا پال اور پرکاش ننجپا نے بھی سلور میڈلس حاصل کئے ۔ دیگر مقابلوں میں مزید دو برانز میڈلس کا حصول
گلاسگو 27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) گلاسگو میں جاری 20 ویں دولت مشترکہ گیمس میں ہندوستانی نشانہ بازوں کی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے ۔ کل اپوروی چنڈیلہ اور راہی سنوربت کے گولڈ میڈلس کے بعد آج ہوئے وومنس ڈبلز ٹراپ مقابلوں میں شریاسی سنگھ نے سلور میڈل حاصل کیا ۔ کل کے مقابلوں میں انیسہ سید ‘ ایونیکا پال اور پرکاش ننجپا نے بھی سلور میڈلس حاصل کیا تھا ۔ دہلی سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ شریاسی سنگھ نے بیری بڈن شوٹنگ رینج میں ہوئے مقابلوں میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا ۔ اس مقابلہ میں ایک اور ہندوستانی ورشا ورمن کو پانچواں مقام حاصل ہوا ۔

انگلینڈ کی چارلیٹ کرووڈ نے نشانہ بازی کے اس مقابلہ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ کل ہوئے مقابلوں میں ہندوستان کیلئے اپوروی چنڈیل اور راہی سنوربت نے گولڈ میڈل حاصل کئے ۔ ہندوستان نے کل ہوئے مقابلوں میں جملہ سات میڈلس حاصل کئے جن میں تین سلور میڈلس بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی نشانہ بازوں ( شوٹرس ) نے شاندار کارکردگی دکھائی اور اپوروی اور راہی کے گولڈ میڈلس کے علاوہ ایونیکا پال ‘ پرکاش ننجپا اور انیسہ سید نے سلور میڈلس حاصل کئے ۔ ہندوستان کو کل ہی ایک سلور اور ایک گولڈ میڈل حاصل ہوا تھا ۔ ہندوستان کیلئے رویندر کور نے 78 کیلوگرام جوڈو مقابلوں میں برانز میڈل حاصل کیا ۔ ان مقابلوں میں ہندوستان کو جملہ تین میڈل مل چکے ہیں۔ اومکار اوٹاری نے مردوں کے 69 کیلو گرام زمرہ میں ویٹ لفٹنگ میں برانز میڈل حاصل کیا ۔ کل ملے سات میڈلس کے ساتھ ہندوستان کے میڈلس کی تعداد 17 تک جا پہونچی ہے جن میں پانچ گولڈ میڈلس ‘ سات سلور میڈلس اور پانچ برانز میڈلس شامل ہیں۔ وہ میڈلس ے حصول کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے ۔

آسٹریلیا 50 میڈلس کے ساتھ سر فہرست ہے جن میں 17 گولڈ میڈلس شامل ہیں۔ انگلینڈ نے بھی 17 گولڈ میڈلس حاصل کئے ہیں لیکن وہ جملہ 45 میڈلس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ میزبان اسکاٹ لینڈ 25 میڈلس کے ساھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اس نے جملہ گیارہ گولڈ میڈلس حاصل کئے ہیں۔ کناڈا نے بھی 7 گولڈ میڈلس حاصل کئے ہیں لیکن اس کے جملہ میڈلس کی تعداد 16 ہے ۔ دوسرے مقابلوں میں بھی ہندوستان کا مظاہرہ بہتر رہا ہے ۔ ہندوستان نے میزبان اسکاٹ لینڈ کے خلاف پول اے کے ہاکی مقابلہ میں شاندار کامیابی حاصل کی ۔ اس نے اسکاٹ لینڈ کو 6 – 2 سے شکست دی ۔ ہندوستان کیلئے گرباج سنگھ ‘ رگھو ناتھ رامچندرا ‘ روپیندر سنگھ اور گرویندر چنڈی نے گولس کئے ۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کینی بین اور نکولس پارکیس نے گول بنائے ۔

نشانہ بازی میں 25 میٹر پستول ایونٹ میں ہندوستان کا ہی پلڑا بھاری رہا جہاں سنوربت نے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ ہندوستان کی ہی انیسہ سید نے سلور میڈل حاصل کیا جبکہ آسٹریلیا کی للیتا یوالیسکایا کو برانز میڈل حاصل ہوا ۔ انیسہ سید نے 2010 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی دو گولڈ میڈلس حاصل کئے تھے ۔ راجستھان کی اپوروی نے قبل ازیں 10 میٹر ائر رائفل مقابلہ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا ۔ ایونیکا پال نے اس مقابلہ میں سلور میڈل حاصل کیا ۔ پرکاش ننجپا کو 10 میٹر ائر پستول ایونٹ میں سلور میڈل حاصل ہوا جبکہ چنڈیلہ نے اس مقابلہ میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا ۔ بحیثیت مجموعی دولت مشترکہ مقابلوں میں ہندوستانی اتھیلیٹس نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے ۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں ابتدائی دن سے ہی ہندوستانی نشنانہ بازوں کا مظاہرہ بہتر رہا ہے ۔