اٹلی کی انگلینڈ اور کوسٹاریکا کی یورو گوئے کے خلاف شاندار کامیابیاں

مانواس ( برازیل ) 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے دن کے میچ میں اٹلی نے انگلینڈ کے خلاف 2 -1 سے کامیابی حاصل کرلی ۔ اس کامیابی میں غیر معروف ماریو بالیٹیلی نے ایک فیصلہ کن ہیڈر کے ذریعہ گول کیا جبکہ ایک اور میچ میں یورا گوئے کو کوسٹاریکا نے 1 – 3 سے شکست دیدی ۔ انگلینڈ ۔ اٹلی میچ میں تیز رفتار تیور اختیار کرنے والے بالیٹیلی نے 50 ویں منٹ میں فیصلہ کن گول ہیڈر کے ذریعہ کیا اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی ۔ اٹلی کیلئے پہلے ہاف میں کلاڈیو مارشیسیو نے گول کیا تھا ۔ انگلینڈ کیلئے 37 ویں منٹ میں ڈانیل اسٹریج نے گول کرتے ہوئے اسکور کو مساوی کردیا تھا اور اپنی ٹیم کے امکانات برقرار رکھے تھے تاہم بالیٹیلی کے گول سے اٹلی کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ علاوہ ازیں ایک اور میچ میں ورلڈ کپ میں واپسی کرنے والی کولمبیا کی ٹیم نے سابق یوروپین چمپئن یونان کو 3 – 0 سے شکست دیتے ہوئے اپنے وجود کا احساس دلایا ۔

کولمبیا کیلئے پبلو ارمیرو نے پانچویں منٹ میں ٹوفلپ گوئیٹریز نے 58 ویں منٹ میں اور جیمس راڈرگیوز نے 93 ویں منٹ میں گول اسکور کئے ۔ دوسرے میچ میں دو مرتبہ کی سابق چمپئن یورو گوئے کو کوسٹاریکا نے سنسنی خیز انداز میں شکست دیدی ۔ واضح رہے کہ کوسٹاریکا کی ٹیم 2010 کے فٹبال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی ہی نہیں کرسکی تھی ۔ یورو گوئے نے اس میچ میں پہلے گول کرتے ہوئے سبقت حاصل کی تھی ۔ 24 ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی نے پنالٹی کے ذریعہ گول کیا تھا ۔ تاہم کوسٹاریکا نے دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ایک اپ سیٹ کامیابی حاصل کی ۔ بعد ازاں آئیوری کوسٹ نے بھی جاپان کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی درج کروائی ۔ اس میچ میں جاپان نے پہلے ایک گول کی سبقت حاصل کرلی تھی تاہم دوسرے ہاف میں آئیوری کوسٹ نے دو گول کرتے ہوئے شاندر جیت حاصل کی ۔ آئیوری کوسٹ نے دو منٹ کے وقفہ میں دو گو ل کرتے ہوے ہلچل مچادی تھی ۔

آئیوری کوسٹ کیلئے سینئر کھلاڑی ڈیڈئیر روگبا کے میدان میں آتے ہی ٹیم نے نئے حوصلے کے ساتھ کھیلتے ہوئے دو گول کئے ۔ جاپان کیلئے کیسوڈے ہونڈا نے پہلے ہاف میں گول کیا تھا جبکہ آئیوری کوسٹ کیلئے 64 ویں منٹ میں ولفریڈ بونی نے اور 66 ویں منٹ میں گورونہے نے گول اسکور کئے ۔ تاہم آج کے دن کا سب سے بڑا اور اہم میچ سابق چمپئنس اٹلی اور انگلینڈ کے درمیان تھا ۔ دونوں ٹیموں نے گرمی اور رطوبت کو برداشت کرتے ہوئے مقابلہ کیا ۔ میچ سے قبل اٹلی کے کپتان اور گول کیپر گیانلیوگی بفن زخمی ہوگئے تھے تاہم ٹیم نے اپنی کارکردگی پر اثر پڑنے نہیں دیا ۔ بفن کی جگہ سلواٹور سریگیو کو موقع دیا اور انہوں نے گول کیپنگ کے فرائض اچھی طرح انجام دئے ۔ پہلے ہاف میں اٹلی نے 35 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے سبقت حاصل کی تھی ۔ مارشیسیو نے یہ گول کیا تھا ۔ انگلینڈ نے دوسرے ہی منٹ میں جواب دیا اور ڈانیل اسٹریج کے ذریعہ گول اسکور کیا ۔ وین رونی اور رحیم اسٹرلنگ نے انہیں بہترین پاس دیا تھا ۔ انگلینڈ نے حالانکہ اس میچ میں کئی حملے کئے تاہم بالیٹیلی اور ان کے ساتھیوں نے انگلش ٹیم کی کوششوں کو کامیاب ہونے کا موقع نہیں دیا ۔ بالیٹیلی نے انٹونیو کنڈریوا سے ملنے والے ایک بہترین پاس کو تیزی کے ساتھ ہیڈر کے ذریعہ گول میں تبدیل کردیا تھا ۔ چونکہ انگلینڈ نے اسکور مساوی نہیں کیا اس طرح اس کی شروعات ناکامی سے ہوئے ہے ۔ گذشتہ 28 سال میں پہلی مرتبہ انگلش ٹیم کی شروعات شکست سے ہوئی ہے اور وہ 1977 کے بعد سے اٹلی کے خلاف کامیابی حاصل نہیں کرپائی ہے ۔ 62 ویں منٹ میں حالانکہ انگلینڈ کے وین رونی کو گول اسکور کرنے کا بہترین موقع تھا جب انہیں لیگھٹن بائینس نے ایک اچھا پاس دیا تھا لیکن رونی کی اسٹرائیک گول پوسٹ سے دور چلی گئی ۔ اس کے بعد انگلش ٹیم کو حملہ کرنے کا موقع فراہم نہیں مل سکا ۔