یورو کپ 2016ء کوارٹر فائنلز کی لائن اپ طے ہوگئی
پیرس، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) یورو کپ 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں اٹلی نے بھی دفاعی چمپئن اسپین کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔ اٹلی نے گزشتہ رات منعقدہ یکطرفہ مقابلے میں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے دفاعی چمپئن اسپین کو ایونٹ سے اخراج کا راستہ دکھا دیا۔ گیورگی چیلینی نے 33ویں منٹ میں گول کرکے میچ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ انجری ٹائم میں ساؤتھمپٹن کے اسٹرائیکر گرازیانو پیلے نے اطالوی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا اور ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا پروانہ دلایا۔ میچ میں اٹلی کی بہتر حکمت عملی اور پرْجوش کھیل کی وجہ سے اسپین کو ایک بھی گول کرنے کا بھی موقع نہیں ملا حالانکہ گیند پر اُن کا کنٹرول 59 فیصد رہا۔ بہرحال دفاعی چمپئن کا سفر ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا۔ کوارٹر فائنل میں اطالوی ٹیم کو عالمی چمپئن جرمنی کا چیلنج درپیش ہوگا۔ یہ اٹلی کی اسپین کے خلاف 1994ء ورلڈ کپ کے بعد پہلی کامیابی ہے، اٹلی نے کوارٹر فائنل میں اسپین کو 1-2 سے زیر کیا تھا۔ دوسری جانب اسپین کو گزشتہ 7 اہم انٹرنیشنل فائنل ٹورنمنٹس میں سے 3 میں کامیابی اور 4 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ برابر رہا۔ اسپین کو تین بار (1964، 2008، 2012) یورپین چمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے، جبکہ اٹلی نے1968ء میں یورو کپ اپنے نام کیا تھا۔ یوروکپ کا پری کوارٹر مرحلہ ختم ہوگیا اور اب کوارٹر فائنلز میں پولینڈ کا مقابلہ پرتگال، ویلز کا مقابلہ بلجیم، جرمنی کا مقابلہ اٹلی اور فرانس کا مقابلہ آئس لینڈ سے رہے گا۔