قونصل جنرل میلان کا مشاورتی نوٹ جاری، صورتحال پر سشما سوراج کی نظر
میلان ؍ نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی اٹلی میں ہندوستانی طلبہ سلسلہ وار حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔ میلان میں واقع ہندوستانی قونصل خانہ نے گزشتہ روز اس کی اطلاع کی توثیق کی اور ہندوستانی طلبہ کے لئے مشاورتی نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوف اور سنسنی کا شکار نہ ہوں۔ ٹوئیٹر پر پوسٹ کردہ مشاورتی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’میلان میں ہندوستانی طلبہ پر حملوں کے بدبختانہ واقعات کی اطلاعات قونصل خانہ کو موصول ہوئی ہیں‘‘۔ مشاورتی نوٹ میں تاہم یہ تذکرہ نہیں کیا گیا کہ آیا ہندوستانی طلبہ پر کئے گئے یہ حملے نسلی محرکات پر مبنی تھے۔ ہندوستانی قونصل جنرل نے ہندوستانی طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ بالخصوص باہر نکلتے وقت ایک دوسرے کے ساتھ رہیں۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دیگر ہندوستانی طلبہ کو ان علاقوں کے بارے میں بھی اطلاعات پہونچائیں جہاں اُنھیں (حملوں کے اس) تجربہ سے گزرنا پڑا تاکہ دیگر ہندوستانی طلبہ ان علاقوں سے گریز کرسکیں۔ نئی دہلی میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہاکہ اُن واقعات پر اُنھیں تفصیلی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ سشما سوراج نے کہاکہ صورتحال پر وہ شخصی نظر رکھی ہوئی ہیں اور طلبہ سے کہاکہ خوفزدہ نہ ہوں۔