اٹلی ۔ 15 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سوئس ٹینس سٹار راجر فیڈرر ، رافیل نڈال اور نوواک جوکووچ نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ اٹلی کے شہر روم میں جاری اے ٹی پی ٹینس ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ پہلے میچ میں عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن سے ہوا۔ راجر فیڈرر نے شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے حریف اینڈرسن کو 6-3، 7-5 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ دوسرے کھیلے گئے میچ میں اسپینش اسٹار رافیل نڈال نے امریکی حریف جون اسنار کو 6-4، 6-4 سے شکست دیکر اپنے سفر کو آگے بڑھایا۔ مینس سنگلز کے ایک اور مقابلے میں عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے برازیلین حریف تھوماز بلیسی کو 5-7، 6-2، 6-3 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ادھر جاپان کے کی نشیکوری نے سربین کھلاڑی وکٹر ٹروئیکی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-4، 6-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کی۔