آپسی اختلاف، ملت کے زوال کی اہم وجہ

مکہ مسجد اوٹکور میں جلسہ تلاش شب قدر سے مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی کا خطاب
اوٹکور 25 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمیں ہر حال میں اتحاد و اتفاق کا ثبوت دینا ہے اور کلمہ کی بنیاد پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر زندگی گزارنا ہے۔ اگر ایسے نازک دور میں بھی مسلمانوں میں مسلکی تعصب پایا گیا، اختلاف و انتشار کی کیفیت میں مسلمان مبتلا رہے، میری مسجد تیری مسجد کا کھیل تماشہ چلتا رہا تو وہ دن دور نہیں جب دنیا کی ہر چھوٹی سی قوم بھی ہمیں ذلیل و رسوا کرتی نظر آئے گی۔ اس لئے مسلمان، علماء اور قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اتحاد کو یقینی بنائیں۔ فروعی و علمی اختلاف کو مخالفت میں تبدیل نہ کریں۔ اتحاد مسلمانوں کا بہت اہم محاذ ہے۔ اس میں رخنہ اندازی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہمیں ایسی قوم بن کر دکھانا ہے جو متحد ہو، جو جدت افکار کے ساتھ جدت کردار سے آراستہ ہو، جو تعلیم میں بہتر، تہذیب میں روشن تر، جستجو میں گرم تر، گفتار میں نرم تر اور پاک دل و پاکباز ہو۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی (استاذ حدیث جامعہ دارالہدیٰ) نے مکہ مسجد اوٹکور ضلع محبوب نگر میں کیا۔ مولانا نے کہاکہ مسلمانوں کی ترقی خود مسلمانوں کے اتحاد میں مخفی ہے۔ جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے اتحاد ہی وقت کی اشد ضرورت ہے۔ اگر ہم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لیں تو یقینا ہمارے خلاف تمام ناپاک اور زہریلے منصوبے ناکام ہوجائیں گے۔ مولانا نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ قرآن و حدیث میں جگہ جگہ اتحاد و اتفاق ، اُخوت و بھائی چارگی اور آپسی اُلفت و محبت قائم کرنے کی تعلیم دی گئی ہے اور باہمی لڑائی جھگڑے اور اختلاف و انتشار سے روکا گیا ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ باہم لڑنا جھگڑنا اتنا مذموم عمل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کی وجہ سے شب قدر کی تعین اٹھالی۔ اس لئے ضرورت ہے کہ مسلمان اپنی سوچ و فکر تبدیل کریں۔ برادران وطن کیلئے ایک مثال بنیں۔ اختلافات کو بھلاکر نئے سرے سے نئے جوش اور نئے جذبے کے ساتھ زندگی گزاریں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔