لارڈز۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ نے تیز ترین سات ہزار رنز بنا کر ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو ایک اور عالمی ریکارڈ سے محروم کردیا ہے۔جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان تین ونڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ہاشم آملہ نے 55 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے یہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ہاشم آملہ سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستانی ٹیم کے کپتان کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے صرف 161 اننگز میں سات ہزار رنز مکمل کئے تھے لیکن آملہ نے 150ویں اننگز میں ہی یہ کارنامہ انجام دے دیا۔یاد رہے کہ ہاشم آملہ اس سے قبل تیز ترین دوہزار، تین ہزار، چار ہزار، پانچ ہزار اور چھ ہزار رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ویرات کوہلی نے 161 اننگز کھیل کر 7 ہزار رنز کا ریکارڈ بنایا تھا تاہم ہاشم آملہ نے یہ سنگ میل عبور کرنے کیلئے صرف 150 اننگز کھیلیں اور یہ کارنامہ انہوں نے لارڈز میں انگلینڈ کیخلاف کھیلے گئے تیسرے ونڈے کے دوران بنایا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے ایک اور شہرت یافتہ بیٹسمین اے بی ڈی ویلیرز نے 166، ہندوستانی سابق کپتان سورو گنگولی نے 174 جبکہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی برائن لارا نے 183 اننگز میں 7 ہزار رنز مکمل کئے تھے۔ 34 سالہ آملہ 2017ء کے آغاز سے ہی بھرپور فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ فروری میں سری لنکا کیخلاف میچ میں انہوں نے 154 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔آملہ اب تک 153 میچوں میں 24 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ ان کا شمار ونڈے اور ٹسٹ کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور اب انہوںنے آئی پی ایل کے 10 ویں ایڈیشن میں کنگس الیون پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 سنچریاں بناتے ہوئے خود کو ٹوئنٹی 20 کرکٹ کا بھی ایک بہترین بیٹسمین کے طور پر منوالیا ہے۔