دبئی ۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان و آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پاکستان سوپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں مستقل بہتر کارکردگی کے باوجود دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ میرا بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں، میں صرف اپنے شائقین اور فاؤنڈیشن کی مدد کیلئے کھیل رہا ہوں۔پاکستان سوپر لیگ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے پہلے دو ایڈیشن بہت کامیاب رہے لیکن اس ایڈیشن میں شائقین زیادہ تعداد میں میدان میں نہیں آ رہے لہٰذا میری ان سے درخواست ہے کہ اسٹیڈیم میں آ کر کھیل سے لطف اندوز ہوں۔اس موقع پر انہوں کراچی کنگز کے نوجوان قائد عماد وسیم کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عماد وسیم تمام فیصلے اکیلے نہیں لیتے بلکہ سب کی مشاورت سے فیصلہ کرتے ہیں اور دو تین مرتبہ دباؤ میں ہونے کے باوجود بھی انہوں نے انتہائی اطمینان کا مظاہرہ کیا۔ٹیم کے سابق کپتان نے موجودہ ایونٹ کے دوران کوئی صلاحیت سامنے نہ آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا اصل مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنے کھیل کے اظہار کا موقع دینا ہے جو پہلے ڈومیسٹک سطح پر عمدہ کارکردگی کے باوجود ایسا نہیں کر پاتے تھے لیکن ابھی تک مجھے کوئی خاص کھلاڑی نظر نہیں آیا۔تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایونٹ میں آگے چل کر شاداب خان، حسن علی اور فخر زمان جیسے باصلاحیت کھلاڑی نظر آئیں گے جو اپنی عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔