سڈنی۔یکم اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے دورہ ٔویسٹ انڈیز اور ایشز سیریز کیلئے ٹسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا، جس میں پاکستانی نژاد اسپنر فواد احمد بھی شامل ہیں۔ عثمان خواجہ A ٹیم کے کپتان مقرر کر دئیے گئے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ویسٹ انڈیز کیلئے 16 رکنی جبکہ ایشز کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ ہونے کے باوجود گلین میکسویل اور جیمس فالکنر کو نظر انداز کرکے فواد کو شامل کر لیا گیا۔ وہ ابھی تک آسٹریلیا کی جانب سے تین ونڈے میچوں میں تین وکٹ لے پائے ہیں۔ مائیکل کلارک ٹسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ نائب کپتانی کے فرائض اسٹیو اسمتھ انجام دینگے۔