فٹبال لیگ کے بہترین کھلاڑی کے اعلان میں آفیشل ویب سائٹ کی غلطی ۔ شائقین کا شدید ردعمل
ملبورن ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کی فٹبال لیگ (اے ایف ایل) نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ’براؤن لو میڈل‘ جیتنے پر غلط کھلاڑی کو مبارکباد دے کر ’بڑی غلطی‘ کی ہے۔ اے ایف ایل کی ویب سائٹ پر پیش کردہ پیغام میں کہا گیا کہ سیم مچل کو بہترین اور منصف کھلاڑی قرار دیا گیا تھا جبکہ اس اعزاز کے حقیقی فاتح نیٹ فائیف تھے۔ غلطی کا احساس ہونے پر ویب سائٹ سے یہ پیغام ہٹا دیا گیا۔ تاہم سوشل میڈیا پر اس معاملے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ براؤن لو میڈل آسٹریلین فٹبال لیگ کا سب سے اعلیٰ انفرادی اعزاز ہے اور یہ لیگ کے ’سب سے بہترین‘ کھلاڑی کو دیا جاتا ہے۔ فاتح کھلاڑی کا انتخاب ہر میچ کے اختتام پر میدان میں موجود ریفریز کے ووٹوں پر کیا جاتا ہے۔ اے ایف ایل نے اپنی ویب سائٹ پر کہا تھا کہ مچل اِس اعزاز کے فاتح ہیں، اور اْن کی قمیض اور دیگر چیزوں کو بھی فروخت کیلئے اپنی باضابطہ خریداری کی ویب سائٹ پر پیش کردیا تھا۔ لیکن جیسے ہی اے ایف ایل کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو انھوں نے اپنی ویب سائٹ سے اس اعلان کو واپس لے لیا اور شائقین کو واقف کرایا گیا کہ اس اعزاز کے فاتح کا انتخاب ملبورن میں جاری براہ راست گنتی کے دوران کیا جائے گا۔ اے ایف ایل کے کمیونیکیشن مینیجر پیٹرک کین نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ویب سائٹ پر بڑی غلطی ہوگئی۔ اے ایف ایل کے پاس براؤن لو میڈل کے اعزاز کے فاتح کے طور پر چار کھلاڑی تیار تھے جب فاتح کے نام کا اعلان کیا جانا تھا انسانی غلطی ہوگئی جبکہ ہمیں کسی نتیجے کا علم نہیں ہے۔ ’’اے ایف ایل نے پرستاروں سے غیرمشروط معافی مانگی ہے، جن کی غلط رہنمائی ہوئی۔‘‘ تاہم اس واقعے کے بعد ٹوئٹر پر شائقین کی جانب سے سخت تنقید کی جارہی ہے اور شائقین نے اے ایف ایل کو ’غیر پیشہ ور‘ قرار دیا ہے اور کچھ نے تو اس اعزاز کے فاتح کھلاڑی کے نام پر شرط لگانے والی رقم واپس کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ 24 سالہ فائیف یہ اعزاز جیتنے والے ایسے پہلے کھلاڑی ہیں جن کا تعلق آسٹریلیائی شہر فریمینٹل سے ہے۔ انھوں نے 31 ووٹ حاصل کئے جبکہ مچل 26 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ اے ایف ایل کی غلطی پر مچل کی بیوی نے بھی طنزیہ ریمارک کیا ہے