سڈنی ۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلین کرکٹرز اسوسی ایشن اور کرکٹ بورڈ کے درمیان معاوضے کا تنازعہ مزید شدت اختیار کرگیا ہے اور معاملات طے نہ ہونے پر کھلاڑیوں نے اے ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔سڈنی میں کھلاڑیوں کی یونین کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے نئے معاہدے پر دستخط نہ کرنے کی صورت میں 12 جولائی سے شروع ہونے والے اے ٹیم کے دورے کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔آسٹریلیائی بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں خواتین کھلاڑیوں سمیت 230 کے قریب کھلاڑی بے روزگار ہوں گے جبکہ رواں سال ہونے والی ایشز سیریز کا انعقاد بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔کرکٹ بورڈ کے سربراہ الیسٹرنیکولسن نے کہا ہے کہ منصوبے کے تحت کھلاڑی کیمپ میں جارہے ہیں اور امید ہے کہ ہم معاہدے کے معاملے پر بہتری لاسکیں گے۔آسٹریلیا اے ٹیم کے کپتان عثمان خواجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ اتنا آسان نہیں ہے لیکن ہم متحد ہیں اور ہم اس ہفتے بھی ٹریننگ پر جارہے ہیں۔ مزید کہا کہ امید ہے کہ اس کا کوئی حل نکل سکے لیکن اگر نہیں نکلا تو پھر ایک مشکل فیصلہ کیا جا چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ دورہ نہ کرنے کا فیصلہ ایک طرح سے قربانی ہے لیکن ہمارے سامنے بڑا مقصد ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان سرمایے میں کھلاڑیوں کو ملنے والے حصے کے برخلاف کھلاڑیوں کو صرف معاوضے میں اضافے کے فیصلے پر اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کے بعد کھلاڑیوں نے اپنے اعتراضات کو کھل پر پیش کیا۔یادرہے کہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان یہ تنازعہ گذشتہ چند مہنیوں سے چل رہا ہے اور ہر موقع پر جہاں کھلاڑیوں نے آمدنی میں حصہ کا مطالبہ کرتے ہوئے بائیکاٹ کی دھمکی دی تو بورڈ بھی اپنے فیصلہ پر اٹل رہا۔