آسام میں پولنگ کے دن بھی مودی کی انتخابی مہم جاری

’انتخابی ضابطہ اخلاق‘ کی خلاف ورزی، سابق چیف منسٹر کا بیان
جورہاٹ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیاکہ رائے دہی کے دن مودی کی انتخابی مہم جوئی کے لئے ریاست میں آمد الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ گوگوئی نے یہ بات جورہاٹ میں ڈی سی بی گرلز ہائی اسکول کے پولنگ بوتھ پر اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے بعد کہی۔ گوگوئی کے فرزند اور رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی اس وقت ان کے ہمراہ تھے۔ انھوں نے کہاکہ پولنگ کے دوران مودی آسام میں ووٹوں کے لئے اپیل کرتے ہوئے یہاں ریاست کے 5 حلقوں میں موجود ہیں۔ یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ گوگوئی اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے رائے دہندوں کے ساتھ قطار میں کھڑے تھے۔ انھوں نے کولیابور پارلیمانی حلقہ میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔اس حلقہ کی نمائندگی ان کے فرزند گورو گوگوئی کرتے ہیں۔ سابق چیف منسٹر آسام گوگوئی نے کہاکہ مودی کو جمعہ کے دن انتخابی مہم یہاں چلانی چاہئے تھی کیوں کہ اس دن یہاں کوئی پولنگ ہونے والی نہیں ہے۔