نارائن پیٹ میں ڈپو منیجر بھیم ریڈی کا خطاب
نارائن پیٹ 30 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ آر ٹی سی بس ڈپو میں ’’تیل بچاؤ اور ایندھن بڑھاؤ‘‘ مہم 15 جنوری تا 31 جنوری جاری ہے۔ اس مہم کے دوران آر ٹی سی کے میکانیکل شعبہ سے وابستہ ملازمین کو بیسٹ میکانک ایوارڈ و انعامات سے نوازا گیا۔ قبل ازیں کم از کم تیل خرچ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ایندھن پیدا کرنے کی کیا تدابیر ہوسکتی ہیں موضوع پر ایک تحریری مقابلہ رکھا گیا۔ جس میں بالترتیب تین میکانیکوں کو ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا جس میں جناب شیخ علیم الدین کو پہلے انعام کا مستحق قرار دیا گیا۔ جناب عبدالماجد کو دوسرے جبکہ شری بھگوان کو تیسرے انعام کے لئے منتخب کیا گیا۔ امتحان کی نگرانی موظف ڈپو منیجر جناب محمد یوسف، ڈپو منیجر نارائن پیٹ مسٹر ایس بھیم ریڈی، ڈرائیور سیفٹی آفیسر مسٹر گوپال نے کی۔ بعدازاں ایک تقریب کا احاطہ ڈپو میں انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں ڈپو منیجر مسٹر ایس بھیم ریڈی نے ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمام ملازمین روزانہ ایک قطرہ تیل بھی غیر ضروری خرچ کرنے سے بچائیں تو آر ٹی سی کو سالانہ لاکھوں روپئے کا فائدہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کا منافع دراصل ملازمین کا منافع ہے اور روشن مستقبل کا ضامن ہے۔ اس موقع پر ایوارڈ کے لئے منتخب میکانکوں کو انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں تلنگانہ مزدور یونین، نیشنل مزدور یونین اور ایمپلائز یونین کے قائدین کے علاوہ آر ٹی سی ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔