آر جے ڈی کے سینئر لیڈر رگھوناتھ جھا مستعفی

پٹنہ ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل راشٹریہ جنتادل کو اس وقت دھکہ پہنچا جب سینئر لیڈر رگھوناتھ جھا نے آج اپنے عہدہ اور ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا اور الزام عائد کیا کہ لالو پرساد یادو سینئر لیڈروں کو نظرانداز کرکے تمام توجہ خاندان پر مرکوز کئے ہیں۔ سابق وزیر 76 سالہ راگھوناتھ جھا جو کہ پارٹی میں برہمنوں کا نمائندہ تصور کئے جاتے تھے بتایا کہ سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے لالو پرساد یادو کو موسومہ ایک مکتوب میں کہا کہ گذشتہ 25 سال سے اچھے و برے وقت میں میں آپ کے ساتھ رہا ہوں لیکن حالیہ دنوں میں یہ دیکھا جارہا ہیکہ پارٹی کارکنوں اور لیڈروں کے ساتھ آپ کا رویہ تلخ و ترش بن گیا ہے جس کے باعث وہ، پارٹی کی ابتدائی رکنیت اور نائب صدر کے عہدہ سے استعفیٰ پر مجبور ہوگئے ہیں۔