نئی دہلی۔4 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ، جے ڈی(یو)، آر جے ڈی اور این سی پی بہار اسمبلی انتخابات میں متحدہ طور پر مقابلہ کریں گے۔ جے ڈی یو کے صدر شرد یادو نے ہفتوں کے ٹال مٹول کے بعد اس مسئلہ پر ایک سکیولر اتحاد قائم کرنے کا اعلان کیا جو بی جے پی سے مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ اتحاد یقینی طور پر قائم ہوگا کیوں کہ فی الحال یہی وقت کا تقاضہ ہے، ملک کو اس کی ضرورت ہے۔ ہم سب متحدہ طور پر انتخابی مقابلہ کریں گے۔ کانگریس ، جے ڈی یو ، آر جے ڈی ، این سی پی اور دیگر سیاسی پارٹیاں متحد ہوگئی ہیں۔ جے ڈی یو کے سربراہ نے کہا کہ لالو پرساد کے قریبی بااعتماد ساتھی رکن کونسل بھولا یادو نے چیف منسٹر نتیش کمار سے ملاقات کی ہے۔ دونوں نے متحدہ طور پر اس اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ارکان اسمبلی، ارکان کونسل اور ارکان پارلیمنٹ نے اس سلسلہ میں معلومات فراہم کی تھیں۔ ان سے صورتحال کے بارے میں جو اتحاد میں تاخیر کی وجہ سے پیدا ہورہی تھی، معلومات حاصل کرنے کے بعد نتیش کمار نے بھی کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں کانگریس کے ساتھ اتحاد کرکے فرقہ پرست بی جے پی کا مقابلہ کریں گی۔ جنتا پریوار اتحاد کئی ہفتے تعطل کا شکار رہ چکا ہے۔