نئی دہلی 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دوردرشن پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی تقریر راست نشر کرنے پر تنازعہ اُٹھ کھڑا ہونے کے بعد دوردرشن نے آج کہاکہ اُس نے دیگر خبروں کی طرح اِس تقریر کا بھی احاطہ کیا ہے۔ اِس تقریر کے نشریہ کیلئے کوئی خصوصی انتظامات نہیں کئے گئے۔ یہ کسی بھی دوسری خبر کی طرح ایک خبر تھی۔ اِس لئے اِس کا بھی احاطہ کیا گیا۔ دوردرشن کی ڈائرکٹر جنرل (خبروں کے شعبہ) ارچنا دتہ نے کہاکہ آر ایس ایس کی تقریب کا ایک گھنٹہ طویل احاطہ دوردرشن کی جانب سے پہلی بار کیا گیا۔ اِس پر کانگریس اور بائیں بازو نے سخت اعتراض کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیاکہ سرکاری زیرانتظام دوردرشن کا حکومت غلط استعمال کررہی ہے۔ اِس پر وضاحت کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل نے کہاکہ آر ایس ایس سربراہ کی تقریر کا راست نشریہ اُسی طرح کیا گیا ہے جیسا کہ کسی دوسری خبر کا کیا جاتا ہے۔ اِس کے لئے کوئی خصوصی انتظامات نہیں کئے گئے تھے اور نہ اِس تقریب کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے۔