آخری ونڈے میں آسٹریلیا کی انگلینڈ کے خلاف کامیابی

217 کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ 212 پر آوٹ ۔ مہمان ٹیم نے سیریز 4 – 1 سے جیتی
اڈیلیڈ 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مہمان ٹیم آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ونڈے میچ میں پانچ رنوں سے سنسنی خیز انداز میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ اس نے یہ سیریز 4 – 1 سے جیتی ہے ۔ اسے چوتھے ونڈے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم آج پانچویں اور آخری میچ میں جو کم اسکور والا رہا اس نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ رنوں سے کامیابی حاصل کرلی ۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اس میچ میں 217 رنز ہی بنائے تھے جس جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 212 رنوں پر آوٹ ہوگئی ۔ آسٹریلیا کیلئے سب سے زیادہ 56 رن جارج بیلی نے بنائے جس میں چار چوکے شامل ہیں۔ اوپنر فنچ صرف سات رن بنا سکے تاہم دوسرے اوپنر شون مارش نے قدرے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 36 رن بنائے تھے ۔

شین واٹسن صفر پر پویلین لوٹے جبکہ کپتان مائیکل کلارک بھی زیادہ رنز نہیں بناسکے تھے ۔ وہ صرف آٹھ رن بناپائے تھے کہ بریسنن کی گیند پر صاف بورڈ ہوگئے ۔ فنچ کو بھی براڈ نے بولڈ کیا تھا ۔ میکس ویل نے 22 رن بنائے تھے جن میں ایک چوکا شامل ہے ۔ میتھیو ویڈ نے بھی اپنی ٹیم کیلئے قابل قدر 31 اور جیمس فالکنر نے 27 رنز کا اضافہ کیا تھا ۔ کولٹر نیل 15 رن بناسکے جبکہ مک کے اور ڈوہیرتی ایک ایک رن بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے ۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ اور اسٹوکس کامیاب بولرس رہے جنہوں نے فی کس تین تین وکٹس حاصل کئے ۔ کرس جارڈن کو دو اور ٹم بریسنن کو ایک وکٹ حاصل ہوئی تھی ۔ جواب میں انگلینڈ کی اننگز کی شروعات بہتر نہں ہوسکی جب 23 کے مجموعی اسکور پر ایان بیل آوٹ ہوگئے ۔ دوسرے اوپنر کپتان الیسٹر کک نے حالانکہ قدرے بہتر مظاہرہ کیا تھا اور وہ 62 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 39 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ اسٹوکس صفر پر آوٹ ہوئے تاہم درمیان میں جیمس روٹ نے بہترین بیٹنگ کی اور تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رن بنائے ۔

ایان مورگن نے 40 گیندوں میں ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 39 رن بنائے ۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی رفاقت میں 64 رنز جوڑے تھے اور اس وقت انگلش کامیابی کے امکان دکھائی دے رہے تھے تاہم ان کے آوٹ ہوجانے کے بعد دوسرے بلے باز زیادہ رنز نہیں بناسکے ۔ روی بوپارہ نے 44 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 25 رن بنائے ۔ بٹلر پانچ اور بریسنن 13 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ جارڈن چار رن پر ناٹ آوٹ رہے جبکہ ٹریڈ ویل صفر پر آوٹ ہوئے ۔ اسٹیورٹ براڈ نے سات رن بنائے تھے ۔آسٹریلیا کی جانب سے مک کے اور کولٹر نیل کو تین تین وکٹس حاصل ہوئے ۔ جیمس فالکنر نے دو وکٹس حاصل کئے جبکہ شین واٹسن کو ایک وکٹ مل سکی۔ آسٹریلیا کے جیمس فالکنر کو آل راونڈ کارکردگی کے مظاہرہ پر پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے سیریز کا اختتام 4 – 1 سے کیا ہے ۔