آخری مرحلے کے انتخابات کیلئے سخت حفاظتی انتظامات

قانون شکنی پر سخت کارروائی ‘ سدی پیٹ پولیس کمشنر جوئیل ڈیوس کا بیان

حسن آباد ۔ 12 ؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجوزہ ضلع و منڈل پریشد کے تیسرے و آخری مرحلے کے دوران ضلع سدی پیٹ کے حسن آباد ریونیو ڈیویژن میں ہونے والی رائے دہی کے لئے بڑے پیمانے پر سخت و موثر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ 14 مئی کو ضلع کے سات منڈلوں مدور ‘ چیریال ‘کمراویلی ‘ کوہیڈا‘ اکناپیٹ ‘ بجنکی اور حسن آباد میں ضلع و منڈل پریشد نشستوں کے لئے صبح 7 بجے تا شام 5 بجے تک رائے دہی ہوگی ۔ جس کے پرامن انعقاد کے لئے ریونیو حکام کے تعاون سے محکمہ پولیس نے تمام تر ضروری انتظامات کرلئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر آف پولیس ضلع سدی پیٹ مسٹر جوہیل ڈیوس نے آج یہاں معاون کمشنر دفتر میں کثیر الاشاعت اردو روزنامہ سیاست کے مقامی نمائندہ کو مجوزہ انتخابات کے تناظر میں کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایاکہ ضلع میں 7 منڈلوں کے 7 ضلع پریشد نشستوں کے علاوہ 67 منڈل پریشد نشستوں پر 19 ؍ مئی کو تیسرے مرحلے کے دوران پولنگ ہوگی اس ضمن میں مذکورہ منڈلوں میں 393 رائے دہی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 28 مراکز کو حساس مراکز 131 مراکز کو انتہائی حساس مراکز کے طور پر شناخت کی جا کر موثر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی یا مشتبہ حرکت پر فوری اپنی تحویل میں لیکر سخت قانونی کرنے کا انہوں نے انتباہ دیا ۔ پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے سخت چوکسی و پٹرولنگ کو تیز کر دینے کا بھی کمشنر آف پولیس نے اعلان کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوںمیں 109480 روپئے مالیت کی شراب کو ضبط کیا گیا ۔ نیز اس میں ملوث 45 افراد کے خلاف کسیس درج کئے گئے ۔ حفظ ماتقدم کے تحت 276 افراد کو حراست میں شخصی مچلکہ پر رہا کر دیا گیا ۔ حفاظتی بندوبست کے لئے اقدامات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے مسٹر جوہیل ڈیوس نے کہا کہ آخری مرحلے کے 7 منڈلوں میں پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے 2 ایڈیشنل کمشنرس آف پولیس رتبے کے حامل عہدیداروں کے علاوہ چار معاون کمشنرس 12 سرکل انسپکٹرس 30 سب انسپکٹرس ‘ 30 معاون سب انسپکٹرس 410 کانسٹبلس و ہیڈ کانسٹبلس 70 اے آر مسلح نوجوان ‘ 70 ہوم گارڈس ‘ محکمہ آبکاری کے 18 نوجوان کو تعینات کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 7 گشتی ٹیموں ‘ اعداد و شماری سروے ٹیم کے علاوہ بھاری تعداد میں مسلح پولیس نوجوانوں کو انتخابات کے دوران ڈیوٹی پر لیا گیا ہے ۔ اس موقع پر معاون کمشنر آف پولیس حسن آباد مسٹر ایس مہیندر کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے ۔