دوبئی 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) افتتاحی انٹرنیشنل پریمیئر ٹینس لیگ (آئی پی ٹی ایل) کیلئے پُرعزم دکھائی دے رہے برطانوی نمبر ایک ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے کہا ہے کہ مذکورہ ٹورنمنٹ کی وجہ سے علاقہ میں ٹینس کا فروغ ہوگا۔ مہیش بھوپتی کی جانب سے منعقد کئے جارہے اپنی نوعیت کے پہلے ٹینس ٹورنمنٹ میں اینڈی مرے منیلا میوارکس کی نمائندگی کررہے ہیں اور یہ ٹورنمنٹ 28 نومبر کو فلپائن میں شروع ہورہا ہے۔ اِس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آئی پی ٹی ایل کی جانب سے جاری کئے جانے والے بیان میں اینڈی مرے نے کہاکہ ٹینس کی سمت نئے شائقین کی توجہ مبذول کروانا اہم ہے اور مجھے اُمید ہے کہ اِس ٹورنمنٹ کی بدولت یہ مقصد حاصل ہوجائے گا۔ مرے جنھوں نے وینا اور ویلنشیا میں یکے بعد دیگرے متواتر دو خطابات حاصل کئے ہیں، انھوں نے آئی پی ٹی ایل کو اپنی مکمل حمایت دی ہے۔
مرے کی ٹیم میں روس کی سابق عالمی نمبر ایک ماریا شارا پوا کے علاوہ فرانس کے ٹینس اسٹار جو ولفریڈ سونگا، کرسٹن فلپ کنس، ڈینیل نیسٹر، کارلوس مویا اور فلپائن کے نمبر ایک کھلاڑی ٹریٹ ہوئی شامل ہیں۔ 27 سالہ مرے نے کہاکہ منیلا میں ٹینس کھیلنا ایک ئطف اندوز تجربہ ہوگا کیونکہ یہاں بہت سے ٹینس شائقین کو مسابقتی مقابلوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع دستیاب ہوگا کیونکہ اِنھیں اِس طرح کے مقابلوں کے مشاہدہ کے لئے ایک طویل سفر کرنا پڑتا ہے جوکہ مشکل ترین ہوتا ہے۔ 2014 ء کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے مرے نے کہاکہ رواں سیزن سخت ترین سیزن گزر رہا ہے کیونکہ پیٹھ کے آپریشن کے بعد جب میں نے واپسی کی تو اپنے معیاری کھیل کو حاصل کرنے میں کافی دقت ہوئی اور فٹنس کو حاصل کرنا بھی اہم مسئلہ رہا۔ تاہم گزشتہ چند مقابلوں کے دوران بہتر مظاہروں اور خطابی نتائج سے مطمئن نظر آنے والے مرے نے کہاکہ ہر گزرتے ٹورنمنٹ میں فٹنس کا معیار بلند ہونے کے علاوہ کارکردگی بھی بہتر اور نتائج مثبت حاصل ہورہے ہیں۔