دبئی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے تازہ ٹسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق جنوبی افریقہ پہلے، آسٹریلیا دوسرے، انگلینڈ تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ بیٹنگ میں سری لنکا کے کمار سنگا کارا اور بولنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین نیز آل رائونڈرس میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کی برتری برقرار ہے۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق ایک درجہ ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے۔ بیٹنگ میں جنوبی افریقی اے بی ڈی ویلیرس دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ انگلینڈ کے جوروٹ پانچ درجے ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آئے ہیں۔ بولنگ میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن تین درجے ترقی پاکر دوسرے نمبر پر آگئے ہیںجبکہ ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی بولر شامل نہیں ہے۔ اسی طرح آل رائونڈرس میں بھی ٹاپ ٹین میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ ادھر بیٹنگ میں پاکستان کے اسد شفیق، اظہر علی اور محمد حفیظ ایک درجہ تنزلی کے بعد 20 ویں اور 22 ویں اور 42 ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔