کراچی ۔ 28 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے سابق صدر احسان مانی کا کہنا ہے کہ کونسل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا اور جو کوششیں بھی ہو رہی ہیں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) تنہا کر رہا ہے۔پی سی بی کی کوششوں کے نتیجے میں زمبابوے نے آئندہ ماہ اپنی ٹیم پاکستان کے مختصر دورے پر بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اس کی سکیورٹی ٹیم حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آ رہی ہے۔مارچ 2009 ء میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے ٹسٹ کھیلنے والی کوئی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔احسان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے آج تک ایسا کوئی بھی سکیورٹی پروٹوکول نہیں پڑھا جس میں آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرتے ہوئے کسی خامی کی نشاندہی کی ہو ، جو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مانع ہے ۔ احسان نے کہا کہ آئی سی سی نے جو ٹاسک فورس قائم کی تھی اس نے بھی صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے میں ردوبدل کے بارے میں کچھ بیان دیئے تھے اور اس سے زیادہ کچھ نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کا زمبابوے کی ٹیم کے دورۂ پاکستان میں اپنے امپائرز نہ بھیجنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آئی سی سی کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے وہ ہنوز پاکستان کو غیرمحفوظ سمجھتی ہے۔