کیپ ٹاؤن ۔ /25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اختتام کے بعد ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو آئی سی سی ٹسٹ چمپئین شپ گدا پیش کیا ۔ آئی سی سی کی جانب سے مشہور کرکٹر سنیل گواسکر اور گریم پولاک نے ٹی ٹوئینٹی انٹرنیشنل سیریز کے تقسیم انعامات تقریب کے فوراً بعد کوہلی کو گدا سونپا ، ہندوستان نے گزشتہ مہینے جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں کھیلے گئے آخری ٹسٹ میں جیت حاصل کرکے ٹسٹ میں اول نمبر مقام اور 10 لاکھ ڈالرس کی انعامی رقم جیتی تھی ۔ حالانکہ ہندوستان تین ٹسٹ میچوں کی سیریز 2-1 سے ہار گیا تھا لیکن اس کے بعد بہترین کرکٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان نے جنوبی افریقہ ہی کے سرزمین پر پہلے 6 ونڈے میچوں کی سیریز میں افریقہ کو 5-1 سے شکست دی اور اس کے بعد جو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرلی ۔ ویراٹ کوہلی کی نمائندگی والی ہندوستانی ٹیم اس وقت کرکٹ کے ہر میدان میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ ہندوستان اس وقت ٹسٹ اور ونڈے میں اول مقام پر ہے تو وہیں ٹی ٹوئنٹی میں درجہ بندی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے بعد تیسرے مقام پر فائز ہے ۔