آئیڈیل پی یو کالج بسواکلیان کے شاندار نتائج

بسواکلیان /12 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آئیڈیل پی یو کالج بسواکلیان ایک ایسا ادارہ ہے جس نے صرف سائنس پر دھیا ن نہ دیتے ہوئے نئی نسل اور انسانی ضرورتوں کو سامنے رکھ کر کامرس ، آرٹس اور سائنس جیسے شعبہ جات رکھے ہیں ۔ ایک ایسے وقت جبکہ قوم کا سوادِ اعظم سائنس کی طرف متوجہ ہے اور کالجس صرف سائنس پڑھانے کو ترقی کا ذریعہ تصور کررہے ہیں ایسے میں بسواکلیان کے آئیڈیل پی یوکالج نے کامرس ، آرٹس اور سائنس تینوں شعبہ جات پر توجہ دی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں امسال کامرس کے طلباء نے 92%نشانات سے کامیابی حاصل کی ہے۔ آرٹس کے طلباء نے 81.81%نشانات کاشاندار مظاہرہ کیاہے۔ سائنس شعبہ کے طلباء نے 63.04%نشانات سے کامیابی حاصل کی ہے۔ تینوں شعبہ جات کا مجموعی نتیجہ 74.39%ہے۔ 44طلباء نے درجہ اول میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 14نے درجہ دوم اور 3طلباء درجہ سوم سے پاس ہوئے ہیں ۔ سائنس کے طالب علم محمدسرفراز نے ریاضی میں90اور کیمسٹری میں 82نشانات حاصل کرتے ہوئے مجموعی انفرادی نتیجہ 81.66%پیش کیاہے۔ سائنس ہی کی خدیجہ تبسم نے ریاضی میں 96اور بیالوجی میں89نشانات حاصل کیاہے جس کامجموعی نتیجہ کافیصد80.83رہا۔ کامرس کے شہراز محی الدین نے اکاؤنٹنسی میں 99اور بی اسٹڈی میں 91نشانات حاصل کئے ہیں ، مجموعی نتیجہ 83.5%رہا۔ اسی طرح سیدسہیل الدین نے اکاؤنٹنسی میں 97، بی اسٹڈی میں 96نشانات حاصل کیا ہے۔ جن کامجموعی نتیجہ 82%رہا۔ آرٹس کے طالب علم اظہر الدین نے تاریخ میں 91اور اکنامکس میں 82نشانات لئے ہیں اور مجموعی ریزلٹ 81.66%ہے جبکہ نوازاحمد نے پولیٹکل سائنس میں 92اور تاریخ میں 90نشانات حاصل کئے ہیں جن کا مجموعی نتیجہ 79.66%رہا۔ اس نتیجہپر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے آئیڈیل پی یوکالج بسواکلیان کے سکریڑی جناب مجاہد پاشاہ نے طلباء اور اولیائے طلباء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارے ادارہ کا مقصد طلباء کی ہمہ جہتی ترقی ہے۔ صرف سائنس کامضمون تمام طلباء کے لئے ایسا ممکن نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو مختلف صلاحیتوں کے ساتھ پیدا کیاہے۔ اوران صلاحیتوں کاتنوع عین انسانی زندگی کے مطابق ہے۔ موصوف نے اپنے اس عزم کااظہارکیاہے کہ حکومت کی جانب سے سہولتیں نہ ملنے کے باوجو د ہماری کوششیں بارآور ہورہی ہیں اگر اولیائے طلباء نے ساتھ دیا تو تینوں شعبہ جات کے نتائج صدفیصد تک پہنچیں گے۔ انشاء اللہ ۔ پاشاہ قریشی نے دہم جماعت کے آنے والے نتائج پر اپنی بے حد توقعات کا اظہارکیا۔