آئندہ سال کرسمس میں عیسائیوں کا ٹورگائیڈ بن جاؤں گا : نتن یاہو

یروشلم ۔ 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو ایسا معلوم ہوتا ہیکہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت بنائے جانے کے بعد سب سے زیادہ خوش ہیں، جہاں انہوں نے دنیا بھر کے عیسائیوں سے وعدہ کیا ہیکہ آئندہ سال کرسمس کے موقع پر وہ بہ نفس نفیس گائیڈ کے فرائض انجام دیتے ہوئے عیسائی برادری کو یروشلم میں واقع ان کے مقامات مقدسہ کی سیر کروائیں گے۔ یاد رہیکہ نہ صرف عیسائی بلکہ یہودی اور مسلمانوں کے لئے بھی یروشلم ایک مقدس مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس یروشلم میں ہی واقع ہے جہاں مسجد اقصیٰ بھی تنازعہ شکار ہے جبکہ یروشلم سے کچھ ہی کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع بیت اللحم حضرت عیسیٰ علیہ السلام (یسوع مسیح) کاپیدائشی مقام ہے۔ نتن یاہو نے کہا کہ یہ ان کیلئے انتہائی مسرت کی بات ہے کہ وہ کرسمس کے مقدس موقع پر یروشلم میں موجود ہیں اور مجھے اسرائیل کا وزیراعظم ہونے پر فخر ہے۔ ایک ایسا ملک جس نے سب سے پہلے عیسائی ہم وطنوں کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ یہی نہیں بلکہ ساری دنیا میں اس وقت عیسائی جہاں جہاں آباد ہیں، ہم انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ مجھے اس بات پر بھی فخر ہیکہ اسرائیل میں عیسائی برادری کو نہ صرف ہر قسم کا تحفظ حاصل ہے بلکہ وہ یہاں خوشحالی کی زندگی بھی بسر کررہے ہیں۔ اس وقت یروشلم میں جو بھی مقامات مقدسہ ہیں، ان تمام کے پیروکاروں کو اپنی اپنی عبادتیں کرنے کی پوری آزادی حاصل ہے۔ یہ کہنے کے بعد ہی وزیراعظم نتن یاہو نے یہ پیشکش بھی کی کہ آئندہ سال کرسمس کے موقع پر وہ خود گائیڈ بن جائیں گے اور وہاں آنے والے عیسائیوں کو مقامات مقدسہ تک لے جائیں گے اور ان کی رہبری کریں گے۔