وزیر اعظم کے دورہ لکھنؤ پر شیو سینا کا ردِ عمل
ممبئی۔/7اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا نے آج کہا ہے کہ لکھنؤ میں دسہرہ تہوار منانے وزیر اعظم نریندر مودی کے منصوبہ سے بی جے پی کو کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوگا اور بہار کی طرح اُتر پردیش کے اسمبلی انتخابات میں بھی ہزیمت اٹھانی پڑے گی ۔ واضح رہے کہ روایت کے برخلاف نریندر مودی آئندہ ہفتہ لکھنؤ میں تاریخی عیش باغ رام لیلہ میں شریک ہوں گے۔عام طور پر یہ تہوار وزیر اعظم قومی دارالحکومت میں مناتے ہیں۔ شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کو یہ خوف ستارہا ہے کہ اگر نریندر مودی اتر پردیش کا دورہ کریں گے تو سیاسی ماحول گرما جائیگا لیکن مودی کو چاہیئے کہ دورہ لکھنؤ کے موقع پر یہ وضاحت کردیں کہ کوئی سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے نہیں آئے ہیں بلکہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا اعلان کریں۔ شیوسینا نے کہا ہے کہ بہار میں اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے نریندر مودی کا کرشمہ دکھانے کی کوشش کی اور انتخابی مہم میں تمام مرکزی وزراء کی ٹیم کو مصروف کردیا گیا اس کے باوجود پارٹی کو ذلت آمیز شکست اٹھانی پڑی۔ اگر ان حقائق کو پیش نظر رکھا گیا تو پتہ چلتا ہے کہ نریندر مودی کے دورہ لکھنؤ سے بی جے پی کو کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔