او آر آر پر برق رفتاری سے گاڑیاں چلانے کے خلاف کارروائی

تیسری مرتبہ لیزرگن کی زد میں آنے پر ضبطی، حادثات کی روک تھام پر توجہ
حیدرآباد ۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے آوٹر رنگ روڈ پر تیز گاڑی چلاتے ہوئے تین مرتبہ اسپیڈ لیزرگن (کیمرے) میں پھنس جانے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آوٹر رنگ روڈ (او آر آر) میں تیز رفتار گاڑیاں چلانے سے ہونے والے حادثات میں بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی نقصانات کی روک تھام کیلئے رچہ کنڈہ پولیس نے مزید سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گاڑیوں کی تیز رفتار کو کنٹرول کیلئے آوٹر رنگ روڈ میں صرف 100 کیلو میٹر کی رفتار سے گاڑی چلانے کی حد مقرر کی ہے۔ اسپیڈ لیزر گن (کیمروں) کا اہتمام کرتے ہوئے گاڑیوں کی رفتار کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ 100 کیلو میٹر سے زائد اسپیڈسے گاڑی چلانے پر 1000 روپئے جرمانہ عائد کرنے کے لزوم پر عمل کیا جارہا ہے۔ باوجود اس کے عوام کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس پر پولیس نے اسپیڈ کے حدود کو پار کرتے ہوئے تین مرتبہ چالان حاصل کرنے والی گاڑیوں کو سیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جرمانے کی وصولی کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتایا کہ آوٹر رنگ روڈ پر انسداد سڑک حادثات کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 5 سے زائد مرتبہ چالانات حاصل کرنے والی گاڑیوں کو آوٹر رنگ روڈ پر سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آؤٹر رنگ روڈ پر گاڑیوں کی اسپیڈ کو کنٹرول کرنے میں تعاون کرنے سے ایچ ایم ڈی اے نے بھی اتفاق کیا ہے۔ سائبرآباد کو 5 اور رچہ کنڈہ کو3 لیزر اسپیڈگن فراہم کیا ہے جو یومیہ تقریباً 2 ہزار سے زائد چالانات کررہے ہیں۔ گذشتہ سال کے بہ نسبت جاریہ سال آوٹر رنگ روڈ پر حادثات کی تعداد گھٹانے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے رچہ کنڈہ کی پولیس کام کررہی ہے۔