اوپینین پولس انتخابی مہم کا حصہ ، تائید میں اضافہ کی کوشش: چیف منسٹر بہار نتیش کمار

پٹنہ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹی وی پر آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ریاست بہار میں بُری طرح ناکامی کی پیش قیاسی کو مسترد کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہاکہ اِس قسم کے سروے انتخابی مہم کا حصہ ہوتے ہیں اور اِن کا مقصد انتخابی مہم کی تائید حاصل کرنا ہوتا ہے۔ افواہوں کے ماہر کہتے ہیں کہ انتخابی نتائج گہرا صدمہ پہونچائیں گے۔ وہ نامور سوشلسٹ قائد کرپوری ٹھاکر کی سالگرہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ بعض اوپینین پولس کے بموجب 63 فیصد رائے دہندے حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ تاہم وہ نتیش کمار کے لئے ووٹ نہیں دیں گے۔

سومناتھ بھارتی کی برطرفی کا مطالبہ ‘ ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کجریوال کا دھرنا : بنی
نئی دہلی ۔ /24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے ایک باغی رکن اسمبلی ونود کمار بنی نے دہلی کے کمشنر پولیس سے ریاستی وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ محض شہ سرخیوں میں جگہ بنانے کیلئے بھارتی نے جنوبی دہلی کے ایک اپارٹمنٹ پر دھاوا کیا تھا ۔ لکشمی نگر کے رکن اسمبلی ونود کمار بنی نے کہا کہ ’’ میں نے (دہلی پولیس) کمشنر سے کہا کہ انہیں چاہئیے کہ ایک انفرادی شخص کے خلاف اس کے منصب کا لحاظ رکھے بغیر کارروائی کریں اور تحقیقات کو کسی بھی صورت میں سست روی کا شکار ہونے نہ دیا جائے ‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’انہیں(بھارتی کو ) برطرف کیا جانا چاہیے ۔ وزراء کے ایسے رویہ کا ہم کبھی یہ تصور بھی نہیں کرسکتے ۔ یہ سب کچھ محض کیمرہ (تشہیر) کے ذریعہ عوام کو متاثر کرنے کیلئے کیا گیا ہے ۔ لیکن ایسا کرتے ہوئے کسی کو اپنے حدود فراموش نہیں کرنا چاہئے ۔

واضح رہے کہ یوگانڈا کی ایک خاتون نے اس کے گھر پر حملہ کرنے والے عام آدمی پارٹی کارکنوں کے گروپ کی قیادت کرنے والے کی حیثیت سے بھارتی کی شناخت کے بعد ان کے استعفیٰ کا مطالبہ میں مسلسل شدت پیدا ہورہی ہے ۔ بیان کیا جاتا ہے کہ بھارتی نے جنوبی دہلی کے ایک گھر میں قحبہ گری اور منشیات کے ریاکٹ چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے حملہ کردیا تھا اور گھر میں موجود افریقی خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی گئی تھی ۔ ونود کمار بنی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر کجریوال کا حالیہ دھرنا دراصل اپنی حکومت سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ۔
عام آدمی پارٹی کے باغی رکن نے کہا کہ ’’کئی وعدے کئے گئے تھے ۔ جن لوک پال کے اندرون 15 یوم تقرر کا وعدہ کیا ہو ا۔ خاتون کمانڈوز کہاں ہیں ؟ بنی نے حال ہی میں دہلی حکومت پر مقررہ اصولوں سے انحراف کا الزام عائد کرتے ہوئے اروند کجریوال کو جھوٹا قرار دیا تھا ۔ جس کے بعد ان کے خلاف وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی تھی اور ان پر پارٹی امیج کو داغدار بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا ۔ ان کے مقدر کا فیصلہ دو ایک دن میں ہوگا ۔