اوٹکور میں بیڑی مزدوروں کا احتجاج

اوٹکور ۔ 25 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اوٹکور منڈل کے بیڑی مزدوروں نے IFTU بیڑی مزدور یونین کی قیادت میں اردو ہال اوٹکور سے ایک ریالی نکالی ۔ احتجاجی ریالی اوٹکور کے مختلف راستوں سے گذرتے ہوئے دفتر تحصیلدار پہنچی جہاں پر بیڑی مزدور یونین اور بیڑی مزدوروں نے شامیانہ لگاتے ہوئے دفتر تحصیلدار کے روبرو دھرنا منظم کیا ۔ اس موقع پر IFTU کے ذمہ داروں میں ریاستی سکریٹری بھٹومیاں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں تقریباً 6 لاکھ بیڑی مزدور بیڑی بناتے ہیں ۔ اس طرح ضلع محبوب نگر ایک پسماندہ ضلع ہے ۔ اس ضلع میں 30 ہزار مزدور بیڑی بناتے ہیں ۔ بہت ہی کم اُجرت میں بیڑی مزدوری کرتے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر جناب کے سی آر نے اپنے انتخابی وعدے میں کہا کہ میری قیادت آنے پر بیڑی مزدوروں کو ماہانہ ایک ہزار روپئے وظیفہ دونگا ۔ اسی مناسبت سے بڑی مزدوروں نے چیف منسٹر سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ اپنے انتخابی وعدہ پر قائم رہتے ہوئے فوری طور پر ماہانہ پنشن کیلئے جی او کی اجرائی عمل میں لائی جائے ۔ اس موقع پر منڈل کے ذمہ داران میں محمد سلیم بجوار ، چنیا اور دیگر نے بھی اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بیڑی مزدوری کو ماہانہ ایک ہزار روپئے وظیفہ مقرر کیا جائے ۔ اس موقع پر خواتین مزدور بیڑی کے کثیر تعداد بھی موجود تھے تحصیلدار اوٹکور کو بیڑی مزدوروں کے مسائل پر ایک یادداشت حوالہ کی گئی اس موقع پر کرن کمار ضلع سکریٹری مزدور یونین بھی موجود تھے ۔