حیدرآباد ، 24 جون (ای میل ) اولمپک ڈے رن کا 29 واں ایڈیشن گزشتہ روز منگل کو منایا گیا۔ اس ایونٹ کا اہتمام تلنگانہ اولمپک اسوسی ایشن کی سرپرستی میں ڈسٹرکٹ اولمپک اسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے یہاں لال بہادر اسٹیڈیم (فتح میدان) میں صبح 8 تا 9 بجے کیا گیا۔ یہ رن شہر کے مختلف علاقوں جیسے نارائن گوڑہ، چارمینار، فتح میدان و دیگر سے شروع ہوئی اور ایل بی اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں مشعل بردار شرکاء کے ساتھ بڑی تعداد میں اسٹوڈنٹس، نوجوانان کے ساتھ ساتھ معمر افراد بھی پہنچے۔ اشونی کمار حیدرآباد اولمپک اسوسی ایشن ایگزیکٹیو ممبر کی اطلاع کے بموجب نارائن گوڑہ سے مشعل بردار انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس کھلاڑی اور ہندوستان کی سب سے کم عمر جرنلزم گرائجویٹ نائنا جیسوال رہیں۔ شہر کے کئی اسکولس کے کمسن طلبا و طالبات اپنے اسکول یونیفارم میں شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں نوجوانوں اور معمر افراد کی بھی شرکت نے اس ایونٹ کو کامیاب بنایا۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی رکن پارلیمنٹ (محبوب نگر) و صدر تلنگانہ اولمپک اسوسی ایشن اے پی جتندر ریڈی رہے۔ اعزازی مہمانوں میں راجہ سنگھ ایم ایل اے، ڈاکٹر کے لکشمن ایم ایل اے، اور ارجن ایوارڈ یافتہ نیتا شامل ہیں۔ اس موقع پر نائنا جیسوال کو اعزازی مہمانان کی موجودگی میں جتندر ریڈی ایم پی نے تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر وجئے کمار یادو وائس پریسیڈنٹ تلنگانہ اولمپک اسوسی ایشن اور جگدیشور یادو سکریٹری تلنگانہ اولمپک اسوسی ایشن بھی موجود تھے۔