دی ہیگ (نیدرلینڈز)، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) میزبان نیدرلینڈز نے جرمنی کو واحد گول سے شکست دیتے ہوئے اولمپک چمپینس کی جاریہ مینس ورلڈ کپ ہاکی کے آخری چار کے مرحلے میں رسائی کے امکانات پیچیدہ کردیئے ہیں۔ ڈچ اسٹرائیکر جیرون ہرٹزبرگر نے کل شام کھیلے گئے مقابلے کے 23 ویں منٹ میں بلی باکر کے پاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ کا اہم ترین گول اسکور کیا جبکہ نیدرلینڈز نے 2012ء اولمپک فائنل میں اپنی ناکامی کا بدلہ لیتے ہوئے گروپ B میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ نیدرلینڈز کے تین متواتر کامیابیوں سے 9 پوائنٹس ہیں، جبکہ جرمنی کے محض تین پوائنٹس ہیں۔ جرمنی کو ڈچ ٹیم سے قبل پان۔امریکن چمپینس ارجنٹینا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، جو دن کے دیگر میچ میں نیوزی لینڈ کو 3-1 سے ہرا کر سیمی فائنل دوڑ میں شامل ہوا ہے۔