اولمپک مشعل کی برازیل آمد‘ریو کے سفر کا آغاز

برازیلیا ۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے عظیم ترین کھیلوں کے میلے اولمپکس کے آغاز میں 92 دن رہ گئے اور میگا ایونٹ کی مشعل برازیل پہنچ گئی۔ یونان کے قدیم شہر اولمپیا سے شروع ہونے والے سفر کا حتمی مرحلہ دارالحکومت برازیلیا سے شروع ہوگیا۔انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے مطابق مشعل برازیل میں 500 شہروں اور دیہات کا سفر کرے گی اس مقصد کیلئے تقریباً 12 ہزار ایتھلیٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ہزاروں ہاتھوں سے ہوتے ہوئے 20 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے یہ 5 اگست کو ریو ڈی جنیرو پہنچے گی جہاں اولمپکس کا آغاز ہوگا۔ اس میں سے نصف سفر فضائی ہوگا۔ منتظمین ان کھیلوں کو شایان شان انداز سے منعقد کرنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن اب بھی کافی مسائل حل طلب ہے۔ ریو اولمپکس میں پانی کی کھیلوں کے آغاز سے قبل کشتی رانی اور کینوئنگ کی جھیل سے 32 ٹن مردہ مچھلی ہٹانی ہوگی۔مردہ مچھلی کی اس تعداد سے 70 ہزار پاونڈ فش اسٹو بنایا جا سکتا ہے۔ پانی کی آلودگی اس اولمپک سے قبل ایک بڑا مسئلہ رہا ہے اور 60 افراد پر مشتمل ٹیم کو جھیل صاف کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ دوسری جانب اولمپک کے میزبان شہر ریو ڈی جنیرو کے میئر ایڈورڈو پیزنے کہا ہیکہ اولمپک پارک تقریباً تیار ہو گیا ہے تاہم چند منصوبوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ یہی نہیں شمالی امریکہ اور خاص طور پر برازیل میں پھیلنے والے زیکا وائرس نے اولمپکس کمیٹی کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں۔ کئی حلقوں نے زیکا وائرس کے بعد کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ ان اندیشوں کا احساس کرتے ہوئے برازیلی وزیر صحت نے ان کی مذمت کی اور واضح کیا کہ حکومت اولمپکس گیمز کے لئے بہترین حالات مہیا کرنے کی پابند ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدامت کئے جائیں گے۔ مبصرین کے بموجب زیکا وائرس کا سبب بننے والا مچھر کیڑے مار ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا کر چکا ہے اور برازیلی حکومت کے علاوہ دنیا بھر میں ان کے انسداد کے لئے کوئی مؤثر دوا موجود نہیں ہے۔