اولمپک مشعل برازیلی حکام کے حوالے

ریو ڈی جنیریو ۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) اولمپک مشعل ایتھنز میں برازیل کے حکام کے حوالے کر دی گئی ہے اور یہ 3 مئی کو دارالحکومت براسیلیا پہنچے گی۔ ریو اولمپکس کے آغاز میں 100 دن سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور آئندہ ہفتے مشعل کے برازیل پہنچنے کے بعد اسے ملک بھر میں لے جایا جائے گا۔دوسری جانب اولمپک کے میزبان شہر ریو ڈی جنیرو کے میئر ایڈورڈو پیز نے کہا ہے کہ اولمپک پارک تقریباً تیار ہو گیا ہے تاہم چند منصوبوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ ریو اولمپک کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ کارلوس نزمین نے کہا ہے کہ مشعل برازیلی حکام کے حوالے کر دی گئی ہے اور اب شہر ایک تاریخ رقم کرنے والا ہے۔اولمپک مشعل کی برازیل میں آمد کے حوالے سے زیادہ گرمجوشی نہیں دکھائی دی کیونکہ ملک کی صدر کو مواخذے کا سامنا ہے۔ صدر جیلما روسیف کے خلاف کارروائی کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال  پائی جاتی ہے کہ اولمپک کے وقت ملک کا سربراہ کون ہو گا۔ اس کے علاوہ اس وقت ملک میں بے روزگاری کی شرح بڑھ کر 10 فیصد تک پہنچ گئی ہے کیونکہ مسلسل دو برس سے ملک کی معیشت سست روی کا شکار ہے۔ دوسری جانب حقوق انسانی کی تنظیم ایمنسٹی نے ریو کے پسماندہ علاقوں میں پولیس کے ہاتھوں ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق پولیس نے ان علاقوں میں اب تک 11 افراد کو ہلاک کیا ہے اور گذشتہ برس یہ تعداد 307 تھی۔