میامی۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کی20 سالہ ناومی اوساکا کے زبردست فارم کے سامنے23 مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن امریکہ کی سرینا ولیمز کا تجربہ بھی کام نہیں آیا جو یہاں میامی اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کے بعد باہر ہو گئیں۔ اوساکا نے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں سرینا کو راست سٹوں میں 6۔3 ،6۔2 سے شکست دی۔گذشتہ ہفتے انڈین ویلز خطاب جیتنے کے بعد بلند اعتماد کے ساتھ میامی میں جاپانی کھلاڑی کا کیریئر میں سرینا کے ساتھ یہ پہلا مقابلہ بھی تھا ۔
بنگلہ دیش پر پابندی کامطالبہ
کولمبو۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے سری لنکا سے میچ میں بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی جانب سے امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرنے پر مطالبہ کیا کہ مہمان ٹیم پر چند مقابلوں کی پابندی لگائی جائے۔اس مقابلے میں شکیب الحسن بھی طیش میں آکراپنے کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بلانے پر آمادہ ہوگئے تھے، اگرچہ شکیب نے اپنے عمل کی معافی مانگ لی ہے لیکن ہربھجن سمجھتے ہیں کہ اس معاملے پر بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو چند بین الاقوامی مقابلوں سے باہر کردیا جانا چاہیے۔