اورنگ آباد میں مجلس کے دو گروپس میں تصادم‘ سنگباری

حیدرآباد۔/9اپریل، ( سیاست نیوز) اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹکٹ کی تقسیم پر مجلس کے دو گروپس میں تصادم ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ وارڈ نمبر 57 سنجے نگر کے ٹکٹ کے دعویدار امجد چاچوکو مجلس پارٹی کا ٹکٹ نہیں ملا جبکہ ثمینہ شیخ الیاس کو ٹکٹ دیا گیا۔ پارٹی ٹکٹ کی تقسیم میں بدعنوانیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے امجد چاچو اور اس کے حامیوں نے مبینہ طور پر ثمینہ شیخ، ڈاکٹر غفار قادری، جاوید قریشی اور دیگر پر مبینہ طور پر ان کے دفتر کے قریب حملہ کردیا۔ اس واقعہ کے بعد سنجے نگر جو جنسی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہے کشیدگی پیدا ہوگئی اور اس واقعہ میں تین افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں گروپس کے درمیان سنگباری کا تبادلہ ہوا جس میں تین قیمتی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ جنسی پولیس اسٹیشن میں اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔