اورنگ آباد فساد پر بہار اسمبلی میں ہنگامہ

پٹنہ۔27مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی میں آج آر جے ڈی کے اراکین نے اورنگ آباد میں تشدد کے معاملہ پر جم کر ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے اسمبلی کی کارروائی 8منٹ بعد ہی 2بجے دن تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔اسمبلی کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے کہاکہ اورنگ آباد کے معاملہ پر ایوان میں کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ کل ایوان میں جب انہوں نے اورنگ آباد میں تشدد سے متعلق اطلاع دی تھی تب وزیراعلی نتیش کمار نے انہیں بابو کہہ کر مخاطب کیا، اس بات پر انہیں خوشی اور ناراضگی دونوں ہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہیں خوشی اس بات کی ہے کہ وزیراعلی نے انہیں بابو کہہ کرمخاطب کیا لیکن ناراضگی اس بات سے ہے کہ انہوں نے میری اطلاع کو نہیں مانا اور کرفیو کی بات کو غلط بتایا۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے ان پر افواہ پھیلانے کا الزام لگادیا۔