انگلینڈ ۔پاک2018 ٹسٹ سیریز کا اعلان

ٹیموں کے درمیان 2 ٹسٹ ہوں گے

لندن ۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آئندہ برس کے موسمِ گرما کے دوران انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیموں کی تفصیلات کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان بھی انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیموں میں شامل ہے۔ای سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم آئندہ برس مئی میں انگلینڈ کا مختصر دورہ کرے گی جہاں وہ میزبان انگلینڈ کے خلاف 2 ٹسٹ میچز کھیلے گی۔پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دو ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹسٹ میچ 24 مئی 2018 سے لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹسٹ میچ یکم جون 2018 سے ایمرالڈ ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔ای سی بی ویب سائٹ کے مطابق بورڈ کے سی ای او نے کہا ہے کہ تیز کرکٹ کے اس دور میں بھی انگلینڈ اور ویلز میں ٹسٹ میچوں کے حوالے سے پسندیدگی ابھی بھی موجود ہے۔ نیز آئندہ برس 7 ہوم ٹسٹ میچوں میں شائقین کی بڑی تعداد میدانوں کا رخ کرے گی۔پاکستان کے بعد اسکاٹ لینڈ، آسٹریلیا اور ہندوستان کی ٹیمیں بھی انگلینڈ کا دورہ کریں گی۔اسکاٹ لینڈ اپنے دورے کے دوران صرف ایک ونڈے میچ کھیلے گی جبکہ آسٹریلیائی ٹیم اپنے دورے کے دوران میزبان انگلینڈ کے خلاف 5 ونڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔آسٹریلیا کے بعد ہندوستان 3 ماہ طویل انگلینڈ کا دورہ کرے گا جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی مقابلے، 3 ونڈے اور 5 ٹسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ برس بھی پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جہاں اس نے 4 ٹسٹ کی سیریز 2-2 سے برابر کی تھی، جس کے بعد پاکستان نے پہلی مرتبہ ٹسٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔