ایڈیلیڈ 6 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیائی ٹیم کے زخمی کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ 14 فبروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے میں ان کی شرکت ہنوز غیر یقینی ہے ۔ میڈیا نمائندوں کی جانب سے جب کلارک سے یہ استفسار کیا گیا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں ٹیم کو دستیاب ہیں تو انہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سوال آپ میڈیکل عملہ سے کریں تو بہتر ہوگا کیونکہ اس سوال کا جواب میں نہیں جانتا ۔ کلارک نے واضح کردیا ہے کہ وہ میڈیکل عملہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کررہے ہیں اور تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں جس پر وہ میڈیکل عملہ سے اظہار تشکر بھی کرتے ہیں۔