انگلینڈ کی2012 کے بعد پہلی بیرون ملک کامیابی

سینٹ جارج ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ نے دوسرے ٹسٹ میں ویسٹ انڈیزکو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔انگلینڈ نے سال 2012 کے بعد پہلی مرتبہ اپنے ملک سے باہر کوئی ٹسٹ میچ جیتا ہے۔سینٹ جارج گرینیڈا میں منعقدہ مقابلے کے آخری دن انگلینڈ کوکامیابی کے لئے 143 رنز کا نشانہ ملا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔انگلینڈ کے نوجوان بیٹسمین جیو روٹ کو پہلی اننگز میں 182 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور مارلون سیمولس کی سنچری کے باوجود ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 299 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔جواب میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں روٹ کے 182 رنز کی بدولت 464 رنزبناتے ہوئے اپنے موقف کو مستحکم کیا۔ویسٹ انڈیز دوسری اننگز میں 307بنا ئے جس کی وجہ سے میچ کے آخری دن انگلینڈ کو کامیابی کے لئے 143 رنز کا نشانہ ملا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔کپتان الیسٹر کک (59) اور گیری بیالینس (81)کی ناقابل شکست نصف سنچریوں نے انگلینڈ کی کامیابی کو آسان بنایا کیونکہ مہمان ٹیم کو دوسری اننگز میں صرف 2 رنز کے اسکور پر ہی اپنی پہلی وکٹ گنوانی پڑی تھی۔بولنگ شعبے میں انگلینڈ کے اینڈرسن نے دونوں اننگز میں 6، معین علی نے چار اور براڈ نے بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی جانب دونوں اننگز میں بشو چار وکٹیں حاصل کر نے کامیاب رہے۔