لندن۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ میں جاری آئی سی سی ویمنس کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی۔انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لئے 377 رنز کا نشانہ دیا، جس کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ ناکام رہی اور ٹیم 29 ویں اوور کے کھیل تک صرف 107 رنز ہی بنا پائی تھی۔میچ کے 30 ویں اوور شروع ہونے سے قبل تیز بارش ہوگئی، جس وجہ سے میچ کو روکنا پڑا، اور ڈک ورتھ لوئس نظام کے تحت انگلینڈ کو میچ کا فاتح قرار دیا گیا۔ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور نتیلا اسکیور نے کیا، جنہوں نے 92 گیندوں پر 137 رنز بنائے، جب کہ انگلش ٹیم کی جانب سے دوسرا بڑا اسکور کرنے والی کھلاڑی ہیتھر نائٹ تھیں، جنہوں نے 109 گیندوں پر 106 رنز بنائے۔ ڈینیئل وائٹ 42 رنز پر ناقابل شکست رہیں، جب کہ انگلینڈ کی ٹیم میں چوتھا بڑا اسکور ایف سی ولسن کا رہا، جنہوں نے 33 رنز بنائے۔انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز بنائے۔پاکستان کی سب سے مہنگی بولر ناشرہ سندھو رہیں، جنہوں نے 10 اوور میں 82 رنز کے عوض ایک وکٹ لی، دوسری مہنگی بولر سعدیہ یوسف رہیں، جنہوں نے بھی 10 اوور میں 74 رنز دیے اور کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہیں۔کپتان ثنا میر بھی بولنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں، انہوں نے 9 اوور میں 78 رنز کے عوض ایک انگلش کھلاڑی کو آوٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 79 رنز بنانی والی اوپنر ناہیدہ خان نے انگلینڈ کے خلاف صرف 3 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹیں۔جویریہ خان نے بھی کوئی اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، وہ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جب کہ اسماویہ اقبال بھی 5 رنز بناکر پویلین لوٹیں۔میچ کے 30 ویں اوور شروع ہونے سے قبل میچ کو روک دیا گیا تھا، جب کہ بارش نہ رکنے کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس نظام کے تحت انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔