لاہور ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) مڈل آرڈر بیٹسمن اسد شفیق نے دورۂ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ٹیم میزبانوں کیلئے سری لنکا سے زیادہ مشکل حریف ثابت ہوگی۔ اسد نے یہاں قذافی اسٹیڈیم میں جاری ’اِسکل کیمپ‘ کے دوران گفتگو میں کہا کہ پاکستان کیلئے انگلینڈ کی صورت حال مشکل ہے لیکن اگر پاکستان کا سری لنکا سے موازنہ کیا جائے تو ہم بہتر ٹیم ہیں کیونکہ ہمارے پاس یونس خان اور مصباح الحق جیسے مضبوط بلے باز موجود ہیں۔ اسد نے پاکستان کی بولنگ کو انگلینڈ کی پچوں کیلئے موزوں قرار دیا اور کہا کہ ہمارے پیسرز انگلینڈ کے بیٹسمنوں کیلئے کافی مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔